سیالکوٹ:5 اربن یونین کونسلوں میں صفائی کا نظام سیالکوٹ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سپرد کرنے کی منظوری

75

سیالکوٹ،30 نومبر(اے پی پی):حکومت پنجاب نے ضلع کونسل کے زیر انتظام 5 اربن یونین کونسلوں میں صفائی کا نظام سیالکوٹ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سپرد کرنے کی منظوری دیدی ہے ۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر عبداللہ خرم نیازی نے اجلاس کے دوران بتائی۔ اجلاس میں اے ڈی سی جی شاہد عباس ، چیف آفیسر ضلع کونسل الفت شہزاد، مینجر آپریشن ایس ڈبلیو ایم سی آغا داؤد بھی شریک تھے۔

 ڈپٹی کمشنر عبداللہ خرم نیازی نے کہا کہ ضلع کونسل کی پانچ اربن یونین کونسلوں، عدالت گڑھا، بونکن، ہرڑ، اشٹاپ گڑھا اور گوہد پور اگوکی کے علاقوں  میں صفائی کے حوالے سے مشکلات اور شہریوں کی شکایات کے پیش نظر حکومت پنجاب لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو درخواست کی گئی تھی مذکورہ علاقوں میں صفائی کا نظام سیالکوٹ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو سونپ دی جائے، کمپنی موٹروے تک صفائی کی ذمہ دار ہوگی جبکہ ضلع کونسل کو اس مد میں اخراجات کمپنی کو ادا کرنے کی اجازت دی جائے اور کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے منظوری کے بعد جلد ضلع کونسل اور سیالکوٹ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں معاہدہ ہو جائے گا جس کے بعد ان یونین کونسلوں میں صفائی کی ذمہ داری سیالکوٹ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو منتقل ہو جائے گی ۔