پبلک سروس ڈیلیوری میں بہتری لانے کے لئے واسا کے تمام افسران اپنا اپنا کردار ادا کریں؛ ظہور احمد ڈوگر

34

ملتان،04 نومبر (اے پی پی ):منیجنگ ڈائریکٹر واسا ظہور احمد ڈوگر نے کہا ہے  کہ ملتان شہر کا سب سے بڑ ایشو سیوریج کا ہے، ترقیاتی منصوبوں کے باعث روڈز کی بحالی نہ ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں تکلیف کا سامنا  ہے جس  سے ادارے  کی ساکھ متاثر ہو رہی  ہے، پبلک سروس ڈیلیوری میں بہتری لانے کے لئے واسا کے تمام افسران اپنا اپنا کردار ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار  انہوں نے  واسا ہیڈ آفس  شمس آباد  میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی کارکردگی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا ظہور احمد ڈوگر نے کہا  کہ نکاسی آب کو یقینی بنانا اور روڈز کی جلد از جلد بحالی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاری منصوبوں کے دوران جن مقامات پر اضافی مٹی موجود ہے وہاں سے فوری طور پر مٹی ہٹاکر اہل علاقہ کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

منیجنگ ڈائریکٹر واسا ظہور احمد ڈوگر نے کہا کہ سیوریج لائنوں کی صفائی مہم کو  مانیٹر کیا جائے گا، ڈی سلٹنگ مہم کو موثر بنا کر شہریوں کو بھرپور ریلیف دیا جائے گا۔انہوں نے اس دوران نواب پور روڈ، ٹی بی ہسپتال روڈ، المصطفیٰ روڈ، سوئی گیس روڈ پر بوسیدہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے منصوبوں پر پیش رفت اور بحالی کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو کنٹریکٹرز سے کام کی رفتار کو تیز کروانے اور شہریوں کو درپیش مسائل کا جلد ازالہ کروانے کی ہدایت کی ۔

اجلاس میں، ڈائریکٹر ایڈمن محمد ابوبکر، ڈائریکٹر انجینئرنگ عبدالسلام ، ڈائریکٹر فنانس محمد سعید ڈوگر سمیت سیوریج ، واٹر سپلائی،ڈسپوزل  کے ڈپٹی ڈائریکٹرز شریک تھے۔