تھر پارکر؛ جیپ ریلی کے راستے گیم سینچری ایریا میں غیر قانونی شکار پر پابندی عائد 

73

تھرپارکر،یکم جنوری(اے پی پی): تھرپارکر میں ہونے والی تھر فلڈ جیپ ریلی کے حوالے سے محکمہ وائلڈ لائیف تھرپارکر کے اعتراف کے بعد معاون خصوصی برائے محکمہ کھیل سندھ ارباب لطف اللہُ نے نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ گیم سینچری ایریا میں جنگلی حیات کے تحفظات کے لیے عارضی بنیاد پر پولیس چوکیاں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جیپ ریس کے دوران کسی کو بھی شکار کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، جیپ ریس میں گاڑی مالکان و دیگراں افراد کی جانب سے شکار کرنے پر سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 معاون خصوصی ارباب لطف الله نے کہا کہ ہم تھر کے محافظ ہیں، کسی کو بھی نایاب نسل کے ہرنوں سمیت دیگر پرندوں کا شکار کرنے نہیں دیں گے، جیپ ریلی سے ملنے والے فنڈز سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے خرچ کیے جائینگے۔انہوں نے کہا کہ ریلی کے راستے میں آنے والی زرعی زمین کے مالکان سے بھی اجازت لی ہے۔

 ارباب لطف الله نے کہا کہ جیپ ریلی کے راستے گیم سینچری ایریا میں غیر قانونی شکار پر پابندی عائد کی گئی ہے، اگر کسی نے غیر قانونی شکار یا کوئی حرکت کی تو ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔