سیالکوٹ؛ ضلع بھر میں 15 روزہ خصوصی صفائی مہم کا آغاز

11

سیالکوٹ،5مارچ  (اے پی پی):حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع  سیالکوٹ میں 15 روزہ خصوصی صفائی مہم  کا آغاز کر دیا گیا ہے،” صفائی نصف ایمان ہے” کے عنوان سے یہ مہم 19 مارچ تک جاری رہے گی۔

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ  عدنان محمود اعوان افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ڈپٹی کمشنر کی زیر قیادت اس حوالے سے  آگاہی واک کا بھی انعقاد کیا گیا جس کے شرکاء نے نزد گرلز ہائی سکول، ایمن آباد روڈ، سڑک پر مارچ کیا اور عوام میں پمفلٹ تقسیم کئے ۔

 ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے بتایا کہ صفائی مہم کے پہلے ہفتے کے دوران شہری علاقوں، سڑکوں، میڈینز کی صفائی پر فوکس ہوگا، کم وسائل والے علاقوں کی صفائی  ہماری ترجیح ہوگی اور یونین کونسل سطح پر زیرو ویسٹ یقینی بنانے کے لیے افسران و عملہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ پہلے ہفتہ کے دوران ہی شہریوں میں صفائی مہم کے حوالے سے آگاہی کے لئے بھرپور مہم چلائی جائے گی ، اس دوران واکس، سیمینارز، کمیونٹی موبلائزیشن جبکہ  تعلیمی اداروں میں سیشنز کا اہتمام کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صفائی مہم کے دوسرے ہفتے اربن ایریاز میں سیوریج نالوں، تنگ گلیوں اور گنجان علاقوں، سبزی و فروٹ منڈیوں، بس اسٹینڈ، قبرستانوں کی صفائی کی جائے گی، سڑکوں کو دھویا جائے گا، گھروں، مارکیٹوں سمیت پبلک مقامات پر صفائی اور آگاہی کے ساتھ صفائی میشنری کی مرمت کی جائے گی۔

 انہوں نے شہریوں سے صفائی مہم میں حکومت اور انتظامیہ کا ساتھ دینے اور شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔

اے ڈی سی جی/ ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سیالکوٹ شاہد عباس و دیگر افسران و ملازمین نے بھی تقریب میں  شرکت کی ۔