سینیٹ کی قائمہ کمیٹی قومی ورثہ و ثقافت کے وفد کا مزار اقبال کا دورہ

50

لاہور۔10مارچ  (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی ورثہ و ثقافت کے وفد نے چیئرمین افنان اللہ خان کی قیادت میں جمعہ کو مزار اقبال کا دورہ کیا۔ مزار اقبال آمد پر وفد کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ کمیٹی ممبران نے مزار اقبال پر گلدستے رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر چیئرمین کمیٹی نے ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا بھی کی ۔ افنان اللہ خان نے وزیٹر بک میں اپنے تاثرات درج کیے اور کہا کہ علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کی فکر ہمیں خود انحصاری کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت  پاکستان کو ایک خوشحال اور پرامن ملک بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ سیکرٹری کمیٹی فرزانہ خالد، سینیٹر فوزیہ ارشاد، سینیٹر فلک ناز، سینیٹر کیشو بائی اور سینیٹر عطا الرحمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔