اوکاڑہ،26مئی(اے پی پی ): نواحی قصبہ جبوکہ سے پیپلز پارٹی کے راؤ ایاز الکریم امیدوارصوبائی اسمبلی پی پی 184 کے ڈیرہ سے پاک فوج زندہ آباد ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت امیدوار پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق ایم این اے کیپٹن (ر)رائے غلام مجتبیٰ کھرل اورراؤ ایاز الکریم نے کی۔ ریلی میں شریک سینکڑوں شرکاء نے پیپلز پارٹی کے جھنڈے،بینرز اور کتبے اٹھا کر پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیا اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگاتے علاقہ بھر کی گلیوں اور بازاروں کے چکر لگائے۔
اس موقع پر سابق رکن قومی اسمبلی کیپٹن ریٹائرڈ رائے غلام مجتبیٰ کھرل اورراؤ ایاز الکریم نےریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ شہداء ہمارا فخرہیں جو جرآت اور بہادری کی داستانیں رقم کرکے وطن عزیز کو استحکام عطا کرگئے۔
انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے شہداء اور غازیوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں اور ہمیشہ ان کو سلام عقیدت پیش کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم ارض پاک کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادروں کی مقروض ہے۔پاک فوج نیوی بحری رینجرز پولیس لیوی سمیت ہر شہید نے خون کا نذرانہ پیش کرکے وطن عزیز کو جلا بخشی اور ہمارے کل کے لیے اپنا آج قربان کر دیا۔
آخر میں ملکی وقومی سلامتی استحکام،ترقی و خوشحالی کے لئے دعا کی گئی۔











