جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ،یو این ڈی پی پاکستان اور  ساؤتھ پنجاب فورم کے زیر اہتمام  ورکشاپ کا انعقاد

34

ملتان، 30مئی (اے پی پی ): جنوبی پنجاب میں تعمیر و ترقی کا سفر تیز تر کرنے کے لئے نئی منصوبہ بندی کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔ اس سلسلے میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ،یو این ڈی پی پاکستان اور  ساؤتھ پنجاب فورم کے زیر اہتمام  ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن (ر )ثاقب ظفر نے  ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے قومی تعمیر کے محکموں  کے فنڈز خرچ کرنے کی استعداد میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے اور  جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اداروں کی کپیسٹی بلڈنگ پر بھرپور توجہ دے رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس حوالے جنوبی پنجاب میں بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور غیر ملکی سفیروں پر مشتمل ڈیپ ڈائیو کانفرنس منعقد کی گئی جس کا بنیادی مقصد اداروں کی استعداد کار میں اضافہ اور خطے سے غربت کے خاتمہ کے لئے سفارشات تیار کرنا تھا۔

کیپٹن( ر) ثاقب ظفر نے بتایا کہ ڈیپ ڈائیو کانفرنس کی جانب سے پانچ شعبوں کےلئے تیار کی گئی سفارشات پر عمل کیا جارہا ہے جس سے غربت کا خاتمہ ہوگا اور لوگوں کا معیار زندگی بلند ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کے اضلاع کے ترقیاتی فنڈز جنوبی پنجاب سے باہر منتقل نہیں ہوسکتے اس لئے ترقیاتی اداروں کی استعداد کار میں اضافےسے خطے میں ترقی کا سفر مزید تیز ہوجائے گا۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے چند برسوں میں ترقی کے حوالے اس خطے کا رخ بدل جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ریجنل ڈویلپمنٹ فورم کا انعقاد جنوبی پنجاب میں ترقی کی نئی راہیں متعین کرے گا۔

کیپٹن( ر) ثاقب ظفر نے کہا کہ ڈویلپمنٹ فورم خطے کی ترقی کے لئے پانچ سالہ پروگرام کے لئے سفارشات تیار کرے،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ان سفارشات کو ترقیاتی پلان کا حصہ بنائے گا۔

ورکشاپ میں سیکرٹری زراعت، سیکرٹری جنگلات،  سیکرٹری لائیو سٹاک، سیکرٹری ہاوسنگ ، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، سیکرٹری آبپاشی،  سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ،سیکرٹری سکول ایجوکیشن، سیکرٹری ہائرایجوکیشن اور سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئر جنوبی پنجاب کے علاوہ  یو این ڈی پی پاکستان کی اسسٹنٹ ریذیڈنٹ نمائندہ عمارہ درانی اور جوائنٹ چیف اکنامسٹ پی اینڈ ڈی بورڈ پنجاب ڈاکٹرامان اللہ سمیت  جنوبی پنجاب کے ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز اور معاشی ماہرین نے شرکت کی۔