جیکب آباد،27 مئی (اے پی پی ):تحصیل ٹھل میں پاک فوج کی حمایت میں میونسپل کمیٹی سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی،سید سکندر علی شاہ کی قیادت میں نکالی گئی ریلی میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ریلی میں شرکاء نے پاک فوج زندہ باد پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سید سکندر علی شاہ و دیگر نے کہا کہ 9 مئی کے سانحہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ایک سازش کے تحت جناح ہاؤس سمیت فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے، 9 مئی کے سانحہ کی وجہ سے ملک کی بدنامی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، ہم پاک فوج اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے ساتھ ہیں اور ایک سیاسی جماعت کی جانب سے فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچانے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاک فوج سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں، پاک افواج کے شہداء کی وجہ سے آج ہم سکون کی نیند سوتے ہیں، پاک فوج کے لیے ہم ہر قربانی دینے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔











