نگران وزیراعلی کی زیرصدارت اجلاس، تھوڑ پھوڑ واقعات کی تحقیقات کیلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بنانیکا فیصلہ

17

لاہور،13مئی(اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں جناح ہائوس،عسکری و سول تنصیبات میں تھوڑ پھوڑ اورجلائو گھیرائو کے افسوسناک واقعات کی تحقیقات کیلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔جے آئی ٹی واقعات کی تحقیقات کر کے جامع رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔

نگران وزیراعلی نے تمام شرپسندوں کو قانون کی گرفت میں لانے کیلئے کارروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ توڑ پھوڑ والے تمام مقامات کی جیو فینسنگ کرائی جائے گی اور شرپسندوں کے خلاف تمام کیس انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلائے جائیں گے۔ محسن نقوی نے محکمہ پبلک پراسیکیوشن کو تمام کیسوں کا فوری ٹرائل یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی گناہ گار کو چھوڑیں گے نہیں اوربے گناہ کوپکڑیں گے نہیں،شواہد اورثبوتوں کے ساتھ ہر شرپسند کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، جناح ہائوس، عسکری، سول و نجی املاک پر حملہ کرنے والے عناصر عبرتناک سزا سے نہیں بچ پائیں گے، شرپسندوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے۔انہوں نے کہا کہ انشا اللہ 15مئی کو تعلیمی ادارے کھول دیئے جائیں گے،صورتحال میں بہتری آرہی ہے،عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے،متعلقہ ادارے امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے بہترین کوآرڈینیشن جاری رکھیں، شرپسند عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پوری فورس الرٹ ہے۔

 اس موقع پرانسپکٹرجنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے صوبے میں امن وامان کی صورتحال او ر شرپسندوں کے خلاف کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

 صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، سی سی پی او لاہور،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، سیکرٹری قانون، سیکرٹری پبلک پراسیکیوشن، ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی،کمشنر لاہورڈویژن، ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز او رآرپی اوز ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔