کپاس کی کاشت کیلئے آئندہ پندرہ دن اہم ہیں؛سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو

17

ملتان، 13 مئی (اے پی پی ): سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہونے کہا ہے کہ آئند پندرہ دن کپاس کی کاشت کے حوالے سے انتہائی اہم ہیں، تمام متعلقہ ادارے بشمول محکمہ زراعت کی فیلڈ ٹیمیں، متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور ریونیو کا عملہ ملکرکپاس کی زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کاشت کو یقینی بنانے کے لئے کاشتکاروں کے شانہ بشانہ کام کریں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینگو ریسرچ انسٹیٹیورٹ ملتان میں کاٹن ایکشن پلان2023-24 سے متعلق جاری سرگرمیوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اس سال ملتان ڈویژن میں 12 لاکھ69 ہزار ایکڑ مقرر کیا گیا ہے جس میں سے اب تک قریباً7 لاکھ40 ہزاررقبہ کپاس کے زیرِ کاشت لایا جا چکا ہے جو کہ کل ہدف کا58 فیصد ہے۔

 سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ بہتر کوآرڈی نیشن سے ہی کپاس کی کاشت کا مقررہ ہدف حاصل ہوگا،محکمہ زراعت کا فیلڈ عملہ ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں تمام متعلقہ محکموں سے رابطے جاری رکھے تاکہ کپاس کی کاشت کے ہدف کو مکمل کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کا ہر اہلکار زیادہ “زیادہ کپاس اُگاؤ  “مہم کا حصہ ہے،زرعی توسیعی کارکنان کاشتکاروں کو کپاس کی کاشت  کیلئے فنی راہنمائی و معاونت فراہم کریں، کپاس کی کاشت کے ہدف کے حصول میں کوتاہی کی صورت میں متعلقہ ڈویژنل افسران کیخلاف ایکشن لیا جائے گا۔

 سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ کپاس کی کاشت کے حوالے سے درست اعدادوشمار پر مبنی رپورٹ فراہم کی جائے۔ان اعداو شمار کی پڑتال بھی کرائی جائے گی اورغلط رپورٹ کرنے والے جوابدہ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں کمی کیلئے کپاس کی منظور شدہ اقسام کے تصدیق شدہ بیجوں پر60 کروڑ روپے جبکہ کھادوں پر بھی اربوں روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔انھوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کھادوں کی ترسیل کیلئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے تحت متعلقہ اضلاع کے کوٹہ کی سخت مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔

اس موقع پرسیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہاکہ کپاس کی قیمتوں کے حوالے سے کاشتکاروں کے تحفظات دور کرنے کیلئے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) نے8500روپے فی من کپاس کی قیمت کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگیتی کاشتہ کپاس کی نگہداشت کیلئے کاشتکاروں کو بروقت ٹیکنکل ایڈوائزری بھی فراہم کی جارہی ہے۔

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹریز ٹاسک فورس جنوبی پنجاب محمدشبیر احمدخان وامتیاز احمد وڑائچ،ڈائریکٹر جنرل زراعت(توسیع) پنجاب ڈاکٹرمحمد انجم علی،ڈپٹی ڈائریکٹر زرعی اطلاعات نوید عصمت کاہلوں سمیت محکمہ زراعت ملتان ڈویژن کے افسران نے شرکت کی۔