لاہور،13مئی (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی کے لیے فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ بہت اہم ہے، غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ملک کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نقل و حرکت کی ڈیجیٹل سواری کی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی یانگو رائڈ ہیلنگ پاکستان کے وفدسے گفتگو میں کیا۔ وفد نےکمپنی کے نائب صدر اینٹون زیکوف کی قیادت میں ہفتہ کو یہاں گورنر ہائوس میں گورنر سے ملاقات کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کے لیے فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ بہت اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کمپنی کا پاکستان میں ڈیجیٹل آن لائن سواری کی خدمات کی فراہمی کا آغاز اور مقامی افراد میں انٹرپرینیورشپ کا فروغ خوش آئند بات ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ کمپنی کی سرمایہ کاری سے ڈیجیٹل ٹرانسپورٹ کا انفراسٹرکچر بہتر ہو گا، کمپنی کی سرمایہ کاری سے ملک میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور ملکی معیشت مضبوط ہو گی۔ انہوں نے تجویز دی کہ ڈیجیٹل سواری کی خدمات کے ذریعے سکول کے بچوں کو پک اینڈ ڈراپ کی سہولت مناسب قیمت میں دینے کے لیے پلان وضع کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے استفادہ حاصل کرسکیں۔
اس موقع پر نائب صدر اینٹون زیکوف نے گورنر پنجاب کی اس تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یانگو رائڈ اینڈ ہیلنگ کمپنی افریقہ، یورپ ، مشرق وسطی اور جنوبی امریکہ کے 30 سے زائد ممالک میں ڈیجیٹل نقل و حرکت کی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یانگو پاکستان میں تجرباتی بنیادوں پر اپنی خدمات فراہم کرنے اور سرمایہ کاری شروع کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
وفد میں سربراہ یانگو پاکستان فیصل افتخار، میرال شریف جی ایم اسلام آباد یانگو ، پولینا کاراویوا لانچ منیجر اور ارزش اعظم شامل تھے ۔











