اٹک،15ستمبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر راؤ عاطف رضا نے کہا ہےکہ آئی ٹی کے حصول کے ذریعے ہی پاکستان کانام جدید دنیامیں روشن کیا جاسکتاہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ، پیپلز کالونی اٹک میں آئی ٹی لیب کی اپگریڈیشن کے موقع پراساتذہ وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر نےکہا کہ اب تک ضلع اٹک میں سرکاری سکولوں کی پچاس سےزاٸد آٸی ٹی لیبز کوتقریباً ڈھائی کروڑروپےکی لاگت سےاپنی مددآپ کے تحت اپ گریڈ کیاگیاہے ،جوضلع کی تاریخ کا منفرد اقدام ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ لرن اینڈارن پروگرام کے ضلع بھر کے 300 آئی ٹی اساتذہ تین گروپس میں پانچ پانچ دن کی تربیت حاصل کرچکےہیں، لرن اینڈارن پروگرام کےتحت تربیت حاصل کرنے والے اساتذہ 24سرکاری سکولوں میں 480 طلباء وطالبات کو پیشہ وارانہ بنیادوں پرآئی ٹی کی تعلیم دےرہےہیں۔
ڈی سی اٹک نے کہاکہ لرن اینڈارن آئی ٹی پروگرام ضلع اٹک کی تاریخ میں انقلابی حیثیت رکھتاہے جس سےضلع بھرکے طلباء و طالبات فری لانسنگ، گرافک ڈیزاننگ اور دیگر متعلقہ کورسز کےذریعےمعاشی خودکفالت کے راستے پر گامزن ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس وقت ضلع بھرمیں پچاس آٸی ٹی لیبز کواپ گریڈ کیاجارہاہے جس سے علاقےمیں آئی ٹی کی تعلیم کو فروخت ملے گا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ لرن اینڈ ارن پروگرام کی تربیت کےلیے پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ( پی آئی ٹی بی)،لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمس) اور دیگرمتعلقہ اداروں کی خدمات حاصل کی گٸیں ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نےکہاکہ خواتین ہمارےملک کی آبادی کاپچاس فیصدہیں جن کےلیےسکل بیسڈایجوکیشن کاحصول انتہائی ضروری ہے۔
تقریب میں طالبات نےانتہائی شاندار تقاریراورخاکےپیش کیے۔اس موقع پر ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنراٹک شگفتہ جبیں، سی ای او ایجوکیشن ملک محسن عباس، ڈی ای او سیکینڈری ساجدہ مختیار،ڈی ای او ایلیمنٹری سید تقی شاہ اوردیگرمتعلقہ افسران بھی موجود تھے۔











