نوشہرہ ورکاں؛بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف بھر پور گرینڈ آپریشن جاری ، 50 بااثر افراد گرفتار

70

نوشہرہ ورکاں، 15 ستمبر (اے پی پی): نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور کابینہ کے فیصلے کے بعد بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف بھر پور گرینڈ آپریشن کا جاری ہے ، چند روز کے گرینڈ آپریشن میں 50  با اثر بجلی چور پکڑے گئے ہیں   جن کیخلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرا دیے گئے ہیں  اور  112334 یونٹ کے ڈی ٹیکشن بل مبلغ 3370020 کے جاری کیے گئے جن میں سے 1075950 روپے ڈی ٹیکشن بلز کی مد میں ریکور ہو چکے ہیں۔

 بجلی چوری کے خلاف آپریشن میں صوبائی اداروں سے مشاورت اور انکا تعاون بھی شامل ہے ۔ ریجنل ،ڈویژنل  اور سب ڈویژنل سطح پر پاور کمپنیوں کی جانب سے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور سکیورٹی کے لیے پولیس فورس مہیا کی جا رہی ہے ۔

 چیف ایگزیگٹو گیپکو گوجرانوالہ کی ہدایت پر گوجرانوالہ ریجن سے  ایکسین گیپکو چوہدری امتیاز احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل محمد اسلم جوئیہ ،ایکسین گیپکو ڈویژن نوشہرہ ورکاں محسن علی کی قیادت میں ایس ڈی اوز مبشر حسین ،فہد حسین ، رئیس الرحمان اور سکندر حیات نے ہمراہ لائن سٹاف  بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور ڈویژن گیپکو نوشہرہ ورکاں میں بجلی چوری میں بدنام دیہاتوں کے متعلقہ فیڈروں  تتلے عالی، تھانہ روڈ فیڈر ،ببر فیڈر اور دیگر فیڈروں پر ڈور ٹو ڈور چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔

ایکسین گیپکو محسن علی کا کہنا ہے کہ ادارے کو فائدہ اور عوام کو  ہر ممکن سہولتیں دیے بغیر سروس بے معنی ہے اور بہت جلد گیپکو کے اداروں میں بہتری کا عمل دکھائی دے گا۔