قصور؛ پولیس لائن میں ” شان رحمت اللعالمینﷺ” سیمینارکا انعقاد

15

قصور،27ستمبر(اے پی پی ): آقا کریم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کے ماہ ربیع الاول میں پولیس لائن قصور میں ” شان رحمت اللعالمینﷺ” سیمینارکا انعقاد کیا گیا ۔

علماء اکرام نے نبی آخر الزماں حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی شان اقدس پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ جشن ولادت مصطفی ﷺکل کائنا ت پر اللہ تعالیٰ کا احسان عظیم ہے،آپ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم نے نسل انسانیت کو امن ،رواداری اور بھائی چارے کا عظیم پیغام دیا اور آپ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کی خوشی منائے بغیر ہمارا ایمان مکمل نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ اسلام ایسا عظیم الشان دین ہے جس میں زندگی گزارنے کے بہترین اصول ہیں، اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات گرامی کو بہترین نمونہ قراردیکر اہل اسلام کو آپ ﷺکے اسوہ حسنہ پرعمل پیرا ہونے کا حکم دیاہے جس کا تقاضاہے کہ آپ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت مبارکہ کے ایک ایک گوشے کو محفوظ کیاجائے اور دوجہاں کی کامیابی سنت نبوی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم پرعمل میں  ہی ہے اسلئے ہمیں چاہئیے کہ اپنی زندگی کو حضوراکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کے قائم کردہ اصولوں کے مطابق گزاریں تاکہ دنیامیں اور آخرت میں کامیابی ہمارا مقدربن سکیں۔

سیمینارمیں نعت خوانوں نے بھی عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔سیمینار میں  علماء اور پولیس ملازمین نے بھرپور شرکت کی ۔