ٹنڈو محمد خان،15 ستمبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ٹنڈومحمدخان دھرمو باوانی نے کہا کہ 2 اکتوبر سے انسداد پولیو مہم شروع کی جائے گی، مہم کے دوران پانچ سال تک کے ایک لاکھ 55 ہزار 9 سو 69 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ، پولیو مہم کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، عملہ پولیو مہم کو سو فیصد کامیاب بنائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی کمپلیکس کمیٹی ہال میں منعقد اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ ڈپٹی کمشنر دھرمو باوانی نے مزید کہا کہ انسداد پولیو کے خاتمے کی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، ہم سب کو مل کر محنت کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ 2 اکتوبر کی پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، غفلت برتنے والے اسٹاف کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ٹنڈومحمدخان دھرمو باوانی نے ضلع کی عوام باالخصوص والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو کے ساتھ وٹامن اے کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ انہیں معذوری سے بچایا جا سکے،اس موقع پر انسداد پولیو مہم کے فوکل پرسن ڈاکٹر مسرور عالمانی نے اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ مہم کے دوران ضلع کے پانچ سال تک کی عمر کے ایک لاکھ 55 ہزار 969 بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، مہم کو 100 فیصد کامیاب بنانے کے لیے 466 ٹوٹل ٹیمیں، 400 موبائل، 40 فکسڈ اور 26 ٹرانزٹ پوائنٹس جبکہ 3 تحصیل سپروائزر، 22 یو سی ایم اوز اور 91 ایریا انچارجز تعینات کیے جائیں گے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون سلیم احمد جتوئی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد یوسف جی جہو ، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، مختارکارز، ڈی ایس پی ٹنڈومحمدخان محمد خان زئنور، ڈبلیو ایچ او کی نمائندہ ڈاکٹر میمونہ ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سید اکبر علی شاہ، پی پی ایچ آئی، این آر ایس پی، محکمہ اطلاعات سمیت ضلع کے دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔











