کوئٹہ11اکتوبر(اے پی پی): نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی سے بیرک گولڈ کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو و صدر مسٹر مارک بریسٹو نے ملاقات کی اور بلوچستان میں بیرک گولڈ کارپوریشن کی سرمایہ کاری اور سماجی بہبود سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے بیرک گولڈ کارپوریشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر و صدر مسٹر مارک بریسٹو کو خوش آمدید کہتے ہوئے سرمایہ کاری اور سماجی شعبے میں کمپنی کی خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا بیرک گولڈ کے سی ای او سے بات چیت کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان بلا شبہ معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے بلوچستان کے قدرتی ذخائر صوبے کی تعمیر و ترقی اور معاشی خود کفالت کی جانب کلیدی اہمیت کے حامل ہیں اور ریکوڈک پروجیکٹ میں بلوچستان ہر ممکن تعاون کرے گا, انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتی ہے اور حکومت بلوچستان بیرک گولڈ کارپوریشن کو کلیدی کاروباری ساتھی سمجھتے ہوئے مستقبل میں بھی سرمایہ کاری کے دائرہ کار کو وسعت دینے کا عزم رکھتی ہے انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی کامیابی کیلئے دو طرفہ باہمی کوششیں کی جائیں گی۔











