لاہور، 20اکتوبر(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے لاہور میں تعینات ترکیہ کے قونصل جنرل درمش باشتو (Mr. Durmus Bastug) نے ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور،مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور دوطرفہ سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے عوام اخوت اور بھائی چارے کی مضبوط لڑی میں بندھے ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ لاہور اور استنبول سسٹر سٹیز کے معاہدے کے تحت تعلقات کو مزید فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔ ترکیہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔ ترکیہ کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے ہر ممکن سہولتیں دیں گے۔ محسن نقوی نے کہا کہ سی بی ڈی کی اراضی پر ڈپلومیٹک انکلیو بنایاجارہاہے، ترکیہ کا قونصلیٹ بھی ڈپلومیٹک انکلیو شفٹ کیاجائے گا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے قونصل جنرل کی جانب سے ری پبلک آف ترکیہ کے 100سالہ جشن کی تقریب میں شرکت کی دعوت قبول کرلی ۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی میئر استنبول او رپولیس چیف کو دورہ لاہور کی دعوت بھی دی۔ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی مشترکہ عالمی مسئلہ ہے،اس سے نبرد آزما ہونے کے لئے مشترکہ لائحہ عمل کی ضرورت ہے۔ ترکیہ کے قونصل جنرل نے قونصلیٹ کو ڈپلومیٹک انکلیو میں شفٹ کرنے کے حوالے سے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ قونصل جنرل ترکیہ نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبو ں میں تعاون جاری رکھیں گے۔ صوبائی وزراء عامر میر، اظفر علی ناصر، انسپکٹر جنرل پولیس،کمشنر لاہور،سیکرٹری کوآرڈینیشن وزیراعلیٰ، سیکرٹری عملدرآمد وزیراعلیٰ، ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔











