ملتان، 28 اکتوبر (اے پی پی ): کالعدم تنظیم تحریک لبیک کے پرتشدد کارروائیوں کی معاشرے کے ہر طبقے کی جانب سے مذمت کا سلسلہ جاری ہے، اس سلسلے میں صوبائی وزراء،اراکین اسمبلی اور انتظامیہ نے کہا کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے اور انسانی جانوں سے کھیلنے والوں سے آہنی سے نمٹا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک،صوبائی وزیر کلچر خلیل احمد کاسترو، پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں،سی پی او منیر مسعود مارتھ اور ایم پی اے ظہیر الدین علیزئی بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ کالعدم تنظیم اپنے ذاتی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے ریاست مخالف سرگرمیوں میں مصروف ہے۔پولیس اہکاروں پر تشدد،فائرنگ اور املاک کو نقصان پہنچانا براہ راست دہشت گردی ہے۔انہوں نے کہا کہ پرتشدد مظاہروں میں 4 پولیس اہکار شہید اور 253 سے زائد پولیس جوان زخمی ہوئے جو کہ انتہائی قابل مذمت ہے۔
صوبائی وزیر کلچر خیال احمد کاسترو نے کہا کہ حکومت پرتشدد واقعات میں ملوث ان سماج دشمنوں کے خلاف ڈٹ کر سخت ایکشن لے گی، اب امن و امان برقرار رکھنے کیلئے کالعدم تنظیم کے خلاف کارروائی ناگزیر ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی پرتشدد مظاہروں کے ذریعے ملکی املاک اور قیمتی جانوں کو نقصان پہنچایا گیا جس کی اب کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔
پارلیمانی سیکرٹری برائے انفارمیشن ندیم قریشی نے کہا کہ ریاست کی جانب سے ان شرپسندوں سے نمٹنے کیلئے بھرپور ایکشن کے عزم کو پوری قوم سراہتی ہے،ناموس رسالت پر پوری قوم اور معاشرے کا ہر طبقہ اپنی جان قربان کرنے کیلئے ہر لمحہ تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنا ایجنڈا نافذ کرنے کیلئے عوام کے مذہبی جذبات سے کھیلنے والے کسی صورت معافی کے حقدار نہیں ہیں۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ کالعدم تنظیم نے ہمیشہ حکومتی رٹ کو چیلنج کرتے ہوئے شرپسندانہ رویے کو فروغ دیا،ریاست مکمل طاقت کے ساتھ شرپسند عناصر سے نمٹے گی۔
سی پی او منیر مسعود مارتھ نے بتایا کہ کسی گروہ کو یہ اجازت نہیں کہ وہ پرتشدد مظاہروں کے ذریعے اپنا ایجنڈا نافذ کرے،پرتشدد مظاہروں میں جان بحق اور زخمی ہونے والے اہلکار عاشقان رسولﷺ اور مسلمان تھے۔انہوں نے واضح کیا کہ ضلع میں ہرصورت امن و امان بحال رکھا جائے گا۔
اس موقع پر ایم پی اے ظہیر الدین علیزئی نے بھی خطاب کیا۔











