ترقیاتی منصوبوں کو بروقت اورشفاف انداز سے مکمل کریں گے؛ سیکرٹری ہاؤسنگ جاوید اختر محمود

12

ملتان، 11 نومبر (اے پی پی ):  سیکرٹری ہاؤسنگ جاوید اختر محمود نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کو بروقت اورشفاف انداز سے مکمل کریں گے۔ ملتان شہر کی سڑکوں کی کشادگی کے لئے ایم ڈی اے کو ٹاسک دے دیا ہے،نئی ہاؤسنگ سوسائیٹیز کے قیام کو یقینی بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین پی ایچ اے اعجاز حسین جنجوعہ اور ڈی جی پی ایچ اے سید شفقت رضا سے ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ عام عوام کے لئے آسان شرائط رکھنے کی کوشش کریں گے، جنوبی پنجاب میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا، صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کے مسائل کو حل کرنے کی بھر پور کوشش کریں گے۔

 جاوید اختر محمود نے  کہا کہ شجرکاری کے فروغ کے لئے مزید اقدامات کریں گے، ملتان کے پارکوں اور گرین بیلٹس کی بہتری کے اقدامات کریں گے، جنوبی پنجاب میں صاف پانی کے مسائل کے حل کے لئے مربوط حکمت عملی اختیار کریں گے،ملتان شہر میں سیوریج کے مسائل پر جلد از جلد قابو پانے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب میں پی ایچ ای کی بڑے پیمانے پر سکیمیں جاری ہیں جن کی جلد تکمیل کی بھر پور کوشش کریں گے۔

اس موقع پر چیئرمین پی ایچ اے اور ڈی جی پی ایچ اے نے کہا کہ جاوید اختر محمود کی جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں تعیناتی سے خطے میں ترقی کے دور کا آغاز ہوگا۔