لاہور، 29دسمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عوام کی سہولت کیلئے بڑے شہروں میں ماحول دوست بسیں چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے لاہورمیں مزید فیڈر بسیں چلانے کی ہدایت کی ہے، لاہورمیں پہلے مرحلے میں100فیڈربسیں چلانے کے فیصلے کی اصولی منظوری دے گئی ہے ۔
وزیر اعلی کی زیر صدارت ہونے والے محکمہ ٹرانسپورٹ سے متعلق اجلاس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ایکو فرینڈلی اربن بس پراجیکٹ پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،ماحولیاتی آلودگی میں واضح کمی کے لئے ایکو فرینڈلی اربن بس پراجیکٹ لارہے ہیں، ایکو فرینڈلی اربن بسیں چلنے سے سموگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ ڈیرہ غازی خان،فیصل آباد اوربہاولپور سمیت دیگر شہروں میں عوام کو بہترین ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ٹھوکر نیاز بیگ پر انٹرنیشنل لیول بس سٹینڈ منصوبے پر بھی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ٹھوکر نیاز بیگ بس ٹرمینل کے منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹھوکر نیاز بیگ ٹرمینل کے قیام سے شہر میں ٹریفک اورماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی۔
اجلاس میں وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب کھچی،چیئرمین پی اینڈ ڈی،سیکرٹری فنانس،سیکرٹری ٹرانسپورٹ،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی اور چیئرمین پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ نےبھی شرکت کی۔











