اسلام آباد،8جون (اے پی پی): وفاقی وزیر آبی وسائل سیّد خورشید احمد شاہ نے بدھ کو یہاں پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی اور چوہدری منظور احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہمند ڈیم اور تربیلا ڈیم کا دورہ کیا ہے، 12 جون کو داسو اور دیامر بھاشا ڈیم کا بھی دورہ کریں گے، جو منصوبے چار سال سے رکے ہوئے تھے انہیں دوبارہ شروع کرایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جو منصوبے بھی مکمل ہونے کے قریب ہیں، ان پر کام تیز کریں، مہمند ڈیم 2023ء میں مکمل ہو جائے گا، اس کے لئے اضافی فنڈز بھی مختص کئے جائیں گے، ماضی میں ڈیموں پر کوئی توجہ نہیں دی گئی، پیپلزپارٹی نے 2008ء میں دیامر بھاشا اور داسو ڈیموں پر کام شروع کرایا، ڈیموں کے لئے 105 ارب روپے مختص کئے ہیں، 35 سے 40 ارب روپے مزید بھی فراہم کئے جائیں گے۔











