لاہور،5نومبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالہی نے ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لئے بڑا اقدام کرتے ہوے صوبائی ٹاسک فورس برائے روڈ سیفٹی تشکیل دیدی ہے،ٹاسک فورس ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے جامع لائحہ عمل تیار کرے گی اور اس کی تجاویز کی روشنی میں ٹریفک حادثات سے بچائو اورعوام کی سیفٹی کیلئے فور ی اقدامات کئے جائیں گے ،اس ضمن میں ضروری قانون سازی بھی کی جائے گی۔ ٹاسک فورس کے سربراہ صوبائی وزیر راجہ بشارت ہوں گے جبکہ چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ٹریفک حکام اور دیگر افسران ٹاسک فورس کے ممبرز ہونگے ،وزیراعلی چودھری پرویزالہی نے موٹرسائیکل رکشہ کی جگہ الیکٹرک منی کارٹ متعارف کرانے کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعلی کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے میں آلودگی میں کمی کیلئے ماحول دوست الیکٹرک بائیک کو فروغ دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا – چودھری پرویز الہی نے کہا کہ پنجاب میں الیکٹرک بائیکس اور الیکٹرک گاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔موٹرسائیکل رکشہ کو بھی مرحلہ وار گالف کارٹ گاڑی میں تبدیل کر دیا جائے گا- انسپکشن کے بعدگاڑیوں پر ریڈ ایبل ٹوکن سٹکرچسپاں کیا جائے گا اور ریڈ ایبل انسپکشن ٹوکن نہ ہونے کی صورت میں گاڑی فوری طور پر آف روڈکر دی جائے گی-انہوں نے ہدایت کی کہ ٹریفک حادثات میں کمی کیلئے سڑکوں اور سرکاری گاڑیوں کی مرمت پر خصوصی توجہ دی جائے اور ٹریفک پولیس خراب ہیڈ لائٹس اور اینڈی کیٹرزکے معاملے پر زیروٹالرنس اختیار کرے اورکم عمر ڈرائیوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے-
ڈی جی ریسکیو1122 سر وس ڈاکٹر رضوان نصیر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹریفک حادثات میں روزانہ 10 افراد جاں بحق اورمتعدد زخمی ہوتے ہیں اورہر 2منٹ بعد پنجاب میں کہیں نہ کہیں ٹریفک حادثہ رونما ہوتا ہے-
وزیراعلی پنجاب کی زیر صدارت اعلی سطح کے اجلاس میں روڈ سیفٹی کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا- چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی محمد خان بھٹی،انسپکٹر جنرل پولیس فیصل شاہکار،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ،ٹریفک پولیس کے اعلی حکام اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔











