ملتان ،27 نومبر (اے پی پی ): رحمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں سکل لیب اور رحمت فاؤنڈیشن آپریشن تھیٹر کمپلیکس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اس حوالے سے نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں افتتاحی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد اور ڈاکٹر غلام قادر چیئرمین و بانی رحمت فاؤنڈیشن نے نئے منصوبوں کا افتتاح کیا۔
اسسٹنٹ پروفیسر سرجری ڈاکٹر سید شمس الحسن بخاری نے سکل لیب جبکہ پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین نے آپریشن تھیٹر کمپلیکس کے حوالے سے تقریب کے شرکاء کو بریفننگ دی۔
دریں اثنا نشتر سٹاف کلب میں اسی حوالے سے ایک اور تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے افراد میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔
پروفیسر ڈاکٹر راشد لطیف خان (ستارہ امتیاز)، پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر راؤ، پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین، پروفیسر ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود، پروفیسر ڈاکٹر ابرار احمد اور پروفیسر ڈاکٹر مسعود الرؤف ہراج اور دیگر سماجی شخصیات سمیت نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے سینئر فیکلٹی ممبران بھی اس موقع پر وہاں موجود تھے۔











