حکومت کھیلوں کے فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کارلا رہی ہے ؛ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان

61

لاہور،16دسمبر  (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ نوجوان ملک و ملت کا مستقبل اورقوم کے معمار ہوتے ہیں،کسی بھی قوم میں نوجوان قوم کا قیمتی سرمایہ تصور کیے جاتے ہیں، حکومت کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے تمام وسائل بروئے کارلا رہی ہے، طلبہ و طالبات کے لیے بنیادی تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کا فروغ بھی اہمیت کا حامل ہے ،ہمارے نوجوانوں انتہائی باصلاحیت ہیں جنہیں مواقع ملیں تو وہ اپنا اور قوم کا نام عالمی سطح پر بلندکر سکتے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کااظہار یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینمل سائنسزلاہور میں ہایئر ایجو کیشن کمیشن کے زیراہتمام پرائم منسٹرز یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ نیشنل ریسلنگ اور ویٹ لفٹنگ لیگ کا افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب نے کہاکہ کسی بھی قوم کی ترقی کی ضمانت نوجوانوں نسل میں مضمر ہے،اس قوم کی راہ ترقی میں کوئی بھی رکاوٹ حائل نہیں ہو سکتی، جس کے نوجوان محنتی و ذمہ دار ہوں، ہمارے نوجوان بہت زیادہ ٹیلنٹڈ ہیں، محدود وسائل کے باوجود کھلاڑیوں نے ملک کا نام روشن کیا،کھیل انسان کو آگے بڑھنے کا جذبہ فراہم کرتے  اورآپ کو ہار کو برداشت کرنا بھی سکھاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کبھی بھی امپائرکو ساتھ نہیں ملانا چاہیے  ،زندگی میں توازن قائم رکھیں۔انہوں نے کہاکہ ہم نے یونیورسٹی آف انیمل سائنس میں ریسلنگ اکیڈمی کا افتتاح کردیا ہے، یہاں سوئمنگ پول انٹرنیشنل معیار کے مطابق بنایا جائے گا،امید ہے اس اکیڈمی سے نوجوان کھلاڑی سامنے آئیں گے اور ہماری یہ کاوش نوجوانوں کو کھیلوں کے میدانوں میں لانے میں مدد فراہم کرے گی۔

ہایئر ایجو کیشن کمیشن کے زیراہتمام پرائم منسٹرز یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ نیشنل ریسلنگ اور ویٹ لفٹنگ لیگ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈاینیمل سائنسز سپورٹس کمپلیکس میں کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی چانسلر/ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن تھے جبکہ وزیر اعظم کی معاون خصوصی یوتھ افیئرز شیزہ فاطمہ خواجہ،وائس چانسلر یوواس پروفیسر ڈاکٹر نسیم احمد، ڈی جی ایچ ای سی سپورٹس جاوید علی میمن قومی ریسلر انعام بٹ، قومی ویٹ لفٹر شجاع الدین ملک،شریف طاہر،شجر عباس نے بھی تقریب میں شرکت کی۔