پاکستان اور قازقستان کے مابین تجارت کے فروغ کیلئے روابط کو مزید مضبوط بنانا ہو گا؛ راجہ پرویز اشرف

24

لاہور،16دسمبر  (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان اور قازقستان کے مابین تجارت کے فروغ کیلئے روابط کو مزید مضبوط بنانا ہو گا، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات مستحکم اورسرمایہ کاری سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون بڑ ھانا وقت کی ضرورت ہے،قازقستان کے یوم آزادی کے موقع پر ان کی عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ  کو   قازقستان کے لاہور میں اعزازی قونصل خانہ کا افتتاح اور ان کے 31 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیاسی ، صحافتی،سماجی اور شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات سمیت دیگر شعبوں سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔

سپیکر قومی اسمبلی  نے کہا کہ قازقستان پاکستان کا قابل اعتماد دوست ملک ہے اور دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں،وہ ایک دوسرے کی ثقافت کو بھی پسند کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میری دعوت پر قازقستان پارلیمنٹیرین  نے پاکستان کا دورہ کیا جس کا بنیادی مقصد ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنا اور تجارت کو فروغ دینا تھا۔انہوں نے کہا  کہ آج مجھے لاہور میں قازقستان کے  قونصل خانہ  کے افتتاح میں شرکت کرکے نہایت خوشی ہورہی ہے کیونکہ پنجاب کے عوام کو قازقستان میں سرمایہ کاری، تجارت کے فروغ سمیت دیگر شعبوں میں معاونت میں آسانی ہوگی۔انہوں نے مزید  کہا کہ قازقستان کو آزادی حاصل کئے ہوئے صرف 31 برس گزرے ہیں مگر ان کا ترقی کا سفر قابل تحسین ہے ۔

راجہ پرویز اشرف  نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ پاکستان اور قازقستان سیکورٹی ،زراعت ،تعلیم ،صحت ،انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت تمام شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید بڑھائیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں دوست ممالک ایک دوسرے کو ترقی کرتا دیکھنا چاہتے ہیںاورقازقستان سیاحت کے شعبے میں بھی خطے میں منفرد مقام رکھتا ہے۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی  نے کہا  کہ قازقستان کو آزادی ملنے کے بعد پاکستان دنیا کا پہلا ملک تھا جس نے اس کو قبول کیا۔انہوں نے کہا  کہ دونوں ممالک کے پارلیمنٹیرین کو مل کر ایسے اقدامات کرنے چاہئیں جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ حاصل ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ جب تک دونوں ممالک کے عوام کے درمیان براہ راست روابط مضبوط نہیں ہونگے سرمایہ کاری میں اضافہ ممکن نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں جمہوریت کے استحکام اور ملک کی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے ہونگے۔

یوسف رضا گیلانی  نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کے راہ پر گامزن کرنے کیلئے محتر مہ بینظیر بھٹو کے وژن کو آگے لیکر چلنا ہوگا۔انہوں نے کہا  کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ایسے اقدامات کئے جس سے ملک و قوم کو فائدہ ہوا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں قازقستان کے سفیر یر ژان کسٹافن نے کہا کہ قازقستان پاکستان سمیت خطے کے تمام ممالک سے بہترین روابط قائم کرنے کا خواہاں ہے،قازقستان کو آزادی حاصل کئے 31 برس ہوئے ہیں اور ہماری ترقی کا سفر ابھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے ساتھ ثقافت کو بھی فروغ ملے اور آنے والے وقتوں میں قازقستان کی اہم حکومتی شخصیات پاکستان کا دورہ کریں گی جس سے سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔

تقریب سے اعزازی قونصلر رائو خالد خان نے بھی خطاب کیا۔قبل ازیں قازقستان کے یوم آزادی کے موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔