کوئٹہ،06جنوری(اے پی پی):صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کی زیرِ صدارت لاپتہ افراد سے متعلق قائم کمیشن کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ ،زمرک خان اچکزئی ، رکن صوبائی اسمبلی زابد ریکی، رکن صوبائی اسمبلی نصیر شاہوانی شریک ہوئے۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ زاہد سلیم نے اجلاس کے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 17نومبر 2021کو عدالتی احکامات پر یہ کمیشن قائم کیا گیا ہے ، کمیشن قائم کرنے کا مقصد ہر لاپتہ فرد کے کیس کا جائزہ لے کر اس کی بازیابی کیلئے اقدامات کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ کمیشن کےممبران بلوچ طلباء کو حراساں کرنے کے خلاف قائم کمیشن کے سربراہان سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کریں گےجبکہ لاپتہ افراد کے لواحقین کو معاونت اور مدد کیلئے طریقہء کار واضح کرے گا ۔
اجلاس میں لاپتہ افراد سے متعلق تفصیلی فہرست متعلقہ اداروں سے طلب کرنے کی فیصلہ کیا گیا اور کمیشن نے لاپتہ افراد سے متعلق معاملات کوجلدازجلد کسی حتمی نتیجے پر پہنچے کے عزم کا اعادہ کیا۔ کمیشن جلد لاپتہ افراد کے لواحقین سے بھی ملاقات کرے گا۔
اس موقع وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے کہا کہ کمیشن بلوچستان ہائی کورٹ کی جانب سے لاپتہ افراد سے متعلق کیس میں دیے گئے حکم کی روشنی میں قائم کیا گیا ہیں۔ اعلی اختیاراتی پارلیمانی کمیشن لاپتہ افراد کے خاندانوں کی معاونت کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گا، لاپتہ افراد سے متعلق قائم کمیشنوں سے مربوط روابط قائم کر کے معاملات کو جلد از جلد نمٹانے کی کوشش کریں گے۔











