پشاور، 6مارچ(اے پی پی): نگران وزیراعلی خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ زراعت اور لائیو اسٹاک صوبے کی معیشت کے لئے انتہائی اہم شعبے ہیں، ان شعبوں کو درپیش مسائل حل کرنے کی بھر پور کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ محکمے موجودہ صورتحال میں فنڈز کی ضرورت کے حوالے سے اپنی اہم ترجیحات کا تعین کریں اور شعبہ زراعت و لائیو اسٹاک میں جدید تحقیق اور ٹیکنالوجی کے استعمال پر خصوصی توجہ دیں۔
ان خیالات کا اظہار نگران وزیراعلی خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے محکمہ زراعت اور لائیو اسٹاک کے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا جسمیں نگران صوبائی وزیر برائے زراعت عبدالحلیم قصوریہ، وزیراعلی کے پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹری زراعت، سیکرٹری لائیو اسٹاک اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
متعلقہ حکام نے جانب سے وزیراعلی محمد اعظم خان کو ان محکموں کے ترقیاتی منصوبوں، کامیابیوں، مسائل اور دیگر مختلف امور کے بارے بریفنگ دی جس پر وزیراعلی نے دونوں محکموں کی مجموعی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں مزید بہتری کے لئے اقدامات کی ہدایت کی۔
بریفنگ میں وزیراعلی کو بتایا گیا کہ موجودہ صورتحال میں ترقیاتی فنڈز منجمد ہونے کی وجہ سے ان محکموں کی بعض ٹائم باونڈ سرگرمیاں رکی ہوئی ہیں، ان سرگرمیوں کے لئے بروقت فنڈز جاری نہ ہونے کی صورت میں صوبے میں زرعی پیداوار متاثر ہوسکتی ہے۔
وزیراعلی نے کہا کہ ان شعبوں میں ہونے والی تحقیق کے فوائد کسانوں تک پہنچانے کے لئے اقدامات کئے جائیں اور اس مقصد کے لئے تحقیقی اداروں، اکیڈیمیا اور کسانوں کے درمیان روابط استوار کئے جائیں۔
وزیراعلی محمد اعظم خان نے سمال ڈیمز کی تعمیر، ماہی پروری اور دیگر سرگرمیوں کو موثر انداز میں چلانے کے لئے نجی اداروں کے ساتھ اشتراک کار پر توجہ دینے، اور کوآپریٹو شعبے کی بحالی کے حوالے سے تجاویز تیار کرنیکی ہدایت کی۔
وزیر اعلی محمد اعظم خان نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کی طرز پر صوبے میں لائیو اسٹاک کی ادویات کی تیاری کے لئے الگ سے ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کے لئے کیس تیار کرنیکی بھی ہدایت کی۔











