سیالکوٹ،25مارچ(اے پی پی):کمشنر نوید حیدر شیرازی اورریجنل پولیس آفیسر ڈاکٹر حیدر اشرف نے تحصیل سمبڑیال اور سیالکوٹ میں وزیر اعلی اسپیشل رمضان پیکج کے تحت مفت آٹے کی تقسیم کیلئے قائم مراکزکا اچانک دورہ کیا اور آٹے کی تقسیم کیلئے انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔
کمشنر نوید حیدر شیرازی نے آٹا کے حصول کیلئے آئے ہوئے شہریوں کو درپیش مسائل بھی سنے اور ان کے حل کیلئے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام سنٹرز پر سپریوزر کا کاونٹرزقائم کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ جن شہریوں کا اندراج بی آئی ایس پی پر نہیں اور وہ آٹا لینے کیلئے اپنے آپ کو بی آئی ایس پی کے آفس میں جاکر اپنی فیملی کا اندراج کروائے جس کے بعد وہ اس اسکیم سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ ڈویژن میں اب تک 7 لاکھ فیملیزاس اسکیم سے مستفید ہوچکی ہیں جن میں 2لاکھ فیملیز ضلع سیالکوٹ سے ہیں۔
کمشنر گوجرانوالہ نے آٹا کے تقسیم پرمعمور افسران اور سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ آنے والے سائلین سے اخلاق اور خندہ پیشانی سے پیش آئیں اور تمام ایسے مستحق افراد جن کی درخواست کے جواب میں مستحق نہ ہے کا پیغام ملتا ہے ان کو گائیڈ کریں کہ وہ اپنا نام بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ کروائیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ تمام پوائنٹس میں آٹا وافر مقدار میں موجود ہے لہذا وہ تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں تمام رجسٹرڈ افراد کو باعزت طریقے سے آٹا فراہم کیا جائےگا۔











