شیخوپورہ،27 مئی (اے پی پی ): خانقاہ ڈوگراں میں افسران اور ٹھیکیدار کی ملی بھگت سے70لاکھ روپے کی خطیر رقم سے بنایا گیا ناقص میٹریل سے اکلوتا بیڈمنٹن سپورٹس کمپلیکس زمین بوس ہو گیا ہے ۔
خانقاہ ڈوگراں میں کھلاڑیوں کے پر زور مطالبہ پر سابق پی ٹی آئی حکومت نے 70 لاکھ روپے مالیت کی خطیر رقم سے بیڈمنٹن سپورٹس کمپلیکس تعمیر کروایا مگر کمیشن مافیا افسران اور ٹھیکیدار کی ملی بھگت سے انتہائی ناقص میٹیریل استعمال کر کے اس کمپلیکس کوپاس کر کے کھلاڑیوں کے لئے کھول دیا گیا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ اتنی خطیر رقم کے باوجود کھلاڑیوں نے اسکا فرش اپنی مدد آپ کے تحت مکمل کروایا،ناقص میٹریل کے استعمال کی وجہ سے سپورٹس کمپلیکس کو ایک آندھی نے زمین بوس کر دیا۔خوش قسمتی سے کھلاڑی معجزانہ طورپرمحفوظ رہے۔
کھلاڑیوں نے متعلقہ افسران اور ٹھیکیدار کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کرنے اور سپورٹس کمپلیکس کی دوبارہ مضبوط بنیادوں پر فوری تعمیر کا مطالبہ کیا ہے۔











