پشاور، یکم جون(اے پی پی): خیبرپختونخوا کے نگراں وزیر اطلاعات، اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے جمعرات کو ضلع صوابی کا ایک روزہ دورہ کیا جہاں انہوں نے کرنل شیر خان شہید مزار پر حاضری دی۔ نگراں وزیر نے کرنل شیر خان شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی اور درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔انہوں نے حسب روایت کرنل شیر خان شہید میوزیم میں کتاب میں اپنے تاثرات درج کیئے اور تعریف کے حامل خصوصی الفاظ لکھ دئیے۔
اس موقع پر بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کرنل شیر خان شہید جیسے صفوت صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں، انکی قربانی تا قیامت یاد رکھی جائےگی۔انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنے شہیدوں کی قدر نہیں کرتے وہ مٹ جاتے ہیں، کرنل شیر خان شہید کو ان کی دلیری اور بہادری پر دشمن نے بھی سراہا وہ پاکستان کے لئے لڑے اور پاکستانی پرچم بلند کیا۔
بیرسٹر فیروز جمال شاہ نے کہا کہ کرنل شیر خان شہید کا اس قوم پر بڑا احسان ہے ، آج پوری قوم کی طرف سے 9 مئی کے واقعے پر معذرت کرنے آیا ہوں اور خیبرپختونخوا حکومت کی طرف سے اپنا سلام پیش کرنے آیا ہوں۔انھوں نے کہا کہ 09 مئی کو مردان پی ار سی میں کرنل شیر خان شہید کے مجسمے کے ساتھ جو کیا گیا اس پر پوری قوم شرمندہ ہیں،شہداء کی قربانیوں کی بدولت آج پاکستان مستحکم ہے۔
نگران وزیر نے کہا کہ 1965 کی پاک بھارت جنگ میں رضا شاہ کاکاخیل نے ملک پر جان قربان کی تھی، وہی خون ہماری رگوں میں ہیں، ہم شہیدوں کی قدر جانتے ہیں، ہم نے اپنی شہیدوں کی قدر کرنی ہے جو پر تشدد واقعہ 09 مئی کو ہوا اس پر پوری قوم معزرت خواہ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جو اپنے اپ کو پاکستانی کہتا ہے کبھی اس طرح کے واقعات کا حامی نہیں ہوسکتا جو کوئی بھی ان واقعات میں شامل ہیں ان کو عبرتناک سزائیں دینگے، کرنل شیر خان شہید جیسے بہادر صفوت ہمارے اثاثے ہیں اور ہمارے دلوں میں رہتے ہیں،
وزیر اطلاعات نے کرنل شیر خان شہید مزار کے احاطے میں مسجد کے لئے قالین، ائیر کنڈیشنڈ اور لوڈ سپیکر کی فوری فراہمی کی ہدایت بھی کی۔
بعد ازاں وزیر اطلاعات و اوقاف نے کرنل شیر خان شہید کے بھائی سے خصوصی ملاقات کی اور ان سے معذرت بھی کی ۔ اس موقع پر سیکرٹری اوقاف حج مذہبی و اقلیتی آمور ڈاکٹر اسد علی اور ایڈمنسٹریٹر اوقاف حامد گیگانی بھی انکے ہمراہ تھے ۔











