گوجرانوالہ،13اگست (اے پی پی):سٹی پولیس آفیسرمحمد ایاز سلیم کے احکامات پر ایس ایس پی آپریشنز فراز احمد اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن عثمان طارق کی سربراہی میں گوجرانوالہ پولیس کی طرف سے14 اگست کے روز امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے فلیگ مارچ کیا گیا۔فلیگ مارچ کا مقصد شہریوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ ان کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس ہمہ وقت تیار ہے۔
اس موقع پرایس ایس پی آپریشنز فراز احمد نے کہا کہ یوم آزادی کے دن امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں،شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ یوم آزادی کے دن امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے پولیس اور دیگر اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔
فلیگ مارچ اشرف مارتھ شہید ڈسٹرکٹ پولیس لائنز سے شروع ہوکر شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا پولیس لائنز میں اختتام پذیر ہوا۔فلیگ مارچ میں سی ٹی او عائشہ بٹ، ڈویثرنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس،سٹی ٹریفک پولیس (وارڈنز)اور ضلعی پولیس کے دستوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر سٹی پولیس آفیسرمحمد ایاز سلیم نے کہا کہ ہوائی فائرنگ،ون ویلنگ، ہلڑ بازی اور خواتین کو ہراساں یا دست درازی کرنے والے سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔ فلیگ مارچ کا مقصد عوام الناس کو باور کروانا تھا کہ پولیس اپنے فرائض سے غافل نہیں اور کسی بھی ناگہانی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے دن رات پوری طرح چوکس ہے۔











