لاہور 06ستمبر(اے پی پی):نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کی سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں یوم دفاع کے سلسلہ میں منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔اس موقع پر پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر زوہرہ خانم، وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر طیبہ خانم، علامہ اقبال میڈیکل کالج سے پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود خان، فیکلٹی ممبران اور ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر منیر احمد ملک سمیت طلباءو طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر ملک و قوم کی ترقی کیلئے دعائیں بھی مانگیں او اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو پاک فوج کے جوانوں نے بھارتی فوج کے بھگوڑوں کو ناک سے چنے چبوائے ہیں۔آج ہم سب کو پاکستان کی ترقی کی خاطر 1965 کی طرح متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ آج ہمیں نسلی تفریق کو مٹا کر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے مزید کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے ہمیشہ دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مقابلہ کیا ہے۔اور 1965 کی جنگ کے شہداء اور غازیوں کو سلام اور خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔آج ہمیں ملک کو آگے لے جانے کیلئے اسی جذبہ کی دوبارہ ضرورت ہے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔اللہ تعالیٰ ہمیں پاکستان کی ترقی کی حقیقی معنوں میں توفیق عطا فرمائے۔اور ہمیں پاکستان کو قائد اعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق علامہ اقبال کا حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنانے کیلئے محنت کرنا ہوگی۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ ہمارے نوجوان پاکستانی کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔پنجاب کی طبی درسگاہوں کے فارغ التحصیل طلباء و طالبات پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں کیونکہ پنجاب کی طبی درسگاہوں میں کوالٹی ریسرچ پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔











