جمہوریت میں عوام کو اپنے نمائندوں کو منتخب کرنے کا اختیار حاصل ہے،اسپیکر قومی اسمبلی کا عالمی یوم جمہوریت پر پیغام

46

 

اسلام آباد،15 ستمبر(اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ جمہوریت میں عوام کو اپنے نمائندوں کو منتخب کرنے کا اختیار حاصل ہے،جمہوریت پر عمل پیرا ہو کر ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے جمہوریت کو اپنے خون سے رنگا ہے،جمہوریت کی خاطر جدو جہد میں ذوالفقار علی بھٹوشہید اور محترمہ بے بینظیر بھٹو شہید نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے لیکن اپنے اصولوں پر سودا بازی نہیں کی۔پاکستان میں جمہوریت کی بحالی میں پیپلز پارٹی کی قیادت کا نام صفحہ اول میں شامل ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی اور جمہوری اقدار کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے،جمہوریت میں بات چیت اور گفت و شنید کے دروازے کبھی بند نہیں ہوتے،جمہوریت پر عمل پیرا ہو کر سیاسی قیادت کو جمہوری روایات کو فروغ دینا ہو گا،پارلیمان جمہوریت کی اصل تصویر ہے۔