پشاور،24 اکتوبر(اے پی پی): پشاور کے چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان کی ہدایت پر بینظیر وومن یونیورسٹی میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دینے کیلئے سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جسمیں ایس پی ٹریفک ہیڈ کوارٹرز و ایس پی ایجوکیشن شازیہ شاہد اور دیگر نے طالبات کو ٹریفک قوانین بارے آگاہی دی۔
اس موقع پر بینظیر وومن یونیورسٹی کی طالبات سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے والنٹیئر ٹاسک فورس میں شامل ہو گئیں، جن کو سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جیکٹس بھی فراہم کردی گئیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی ایجوکیشن شازیہ شاہد نے کہا کہ طالبات شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو ٹریفک قوانین بارے آگاہی دیں گی کہ دوران سفر موبائل فون کا استعمال نہیں کرنا چاہئے کیونکہ زیادہ تر حادثات موبائل فون کے استعمال سے پیش آتے ہیں۔
اس موقع پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے 65 طالبات کو ڈی ایل وین کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس بھی جاری کیے گئے۔











