فیڈریشن کو استحکام کی راہ پر ڈالنے اور ملک میں فٹبال کو فروغ دینے کیلئے پُرامید ہیں،صدر پی ایف ایف سید محسن گیلانی

13

کراچی، 16 فروری ( اے پی پی): پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے کہا ہے کہ وہ برسوں کے بحران کے بعد فیڈریشن کو استحکام کی راہ پر ڈالنے اور ملک میں فٹبال کو فروغ دینے کے لیے پُرامید ہیں۔

 پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی جانب سے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش یہی رہی ہے کہ ایسے بہتر نظام قائم کیے جائیں جو ملک میں فٹبال کی ترقی کو یقینی بنائیں۔

پی ایف ایف کے صدر نے اس بات پر زور دیا کہ وہ فیڈریشن کے پہلے منتخب صدر ہیں، جب کہ اس سے قبل پی ایف ایف کئی برس تک فیفا کی مقرر کردہ نارملائزیشن کمیٹی کے زیرِ انتظام رہا۔

سید محسن گیلانی نے اپنے انتخاب کے بعد پی ایف ایف کی چند اہم کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ مردوں کی قومی ٹیم نے پہلی مرتبہ اے ایف سی فٹسال چیمپئن شپ کوالیفائرز میں شرکت کی، خواتین کی قومی ٹیم آئندہ فیفا سیریز میں حصہ لے گی جبکہ انڈر 16 ٹیم قازقستان کے دورے پر یوئیفا ڈویلپمنٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی۔

انہوں نے کہا ہمارا مقصد اپنی ٹیموں کو زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی تجربہ فراہم کرنا ہے اور مردوں کی قومی ٹیم کے لیے بھی بین الاقوامی دوستانہ میچز کے انتظام پر کام جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا یہ پی ایف ایف کے لیے ایک تاریخی کامیابی ہے کہ قومی خواتین ٹیم اپریل میں فیفا سیریز کے دوران ترک و کیکوس آئی لینڈز، موریطانیہ اور آئیوری کوسٹ جیسی ٹیموں کے خلاف کھیلتے ہوئے ایک فیفا ایونٹ میں حصہ لے گی۔

اسی طرح ہماری انڈر 16 ٹیم کا قازقستان میں یوئیفا ایونٹ میں شرکت کرنا بھی ایک بڑا سنگِ میل ہے۔

پی ایف ایف کے صدر نے بتایا کہ ملکی سطح پر لیگ کے آغاز کے منصوبے پر کام جاری ہے اور سرکاری محکموں کی ٹیموں کی بحالی کے لیے حکومت سے مذاکرات ہو رہے ہیں۔