لاہور، 07اکتوبر(اے پی پی) : وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے ایک جائزہ اجلاس کے دوران صوبائی وزیر کو 51 شہروں میں جاری ترقیاتی سکیموں میں ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زید بن مقصود اور سپیشل سیکرٹری شاہد زمان لک نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے 22 شہروں کو ڈی واٹرنگ سیٹ سپرد کرنے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی صرف ڈرین یا نالیوں کی تعمیر کا نام نہیں بلکہ شہروں کو خوبصورت بنانے کا جامع پروگرام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کی تکمیل کے بعد شہروں کا ایک نیا روپ سامنے آنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی میں شامل شہروں کو ڈی سلٹنگ یونٹس، سکشن مشینوں اور ڈی واٹرنگ سیٹ جیسی جدید مشینری بھی فراہم کی گئی ہے۔ تمام ذمہ داران ماسٹر پلاننگ کے مطابق آگے بڑھیں اور جہاں ممکن ہو وہاں سیونگ لازمی کی جائے۔ ذیشان رفیق نے زور دیا کہ واٹر ٹینکس اور ڈرینز کی سکیموں کی طرح ہر منصوبہ بروقت مکمل کیا جائے۔ میونسپل آفیسرز (آئی) اور اسسٹنٹ پراجیکٹ ڈائریکٹرز ٹائم لائن پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ سکیموں میں ہونے والی بچت پی ڈی پی میں ہی استعمال کی جائے گی۔











