گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں یومِ سیاہِ کشمیر کا انعقاد، مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف شدید احتجاج

0

گلگت،27 اکتوبر (اے پی پی): دنیا بھر کی طرح گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں بھی 27 اکتوبر کو “یومِ سیاہِ کشمیر” کے موقع پر کشمیری عوام سے کامل یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر پر غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

گلگت میں ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام بے نظیر چوک سے اتحاد چوک تک ایک عظیم الشان اظہارِ یکجہتی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں صوبائی وزیرِ داخلہ محمد دلپذیر، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ارشد مجید مہمند، صوبائی سیکرٹریز، اعلیٰ حکام، اساتذہ، طلبہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ریلی کے شرکاء نے بھارتی غاصبانہ قبضے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مظلوم کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کشمیری قوم کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جب بھارتی افواج نے زبردستی ریاست پر قبضہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ شرکاء نے عالمی برادری اور اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کا فوری نوٹس لیا جائے اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بناتے ہوئے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل نکالا جائے۔