لاہور،27اکتوبر: ( اے پی پی ) سیکرٹری / چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف و مذہبی امور پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام کی آزادی کے لیے جدوجہد آخری کامیابی تک جاری رہے گی؛ انشاء اللہ کشمیر کی آزاد ی کا سورج جلد طلوع ہوگا۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے زیرِ اہتمام ایوانِ اوقاف لاہور سے جی پی او چوک تک نکالی گئی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء تاریخِ کشمیر کا ایک سیاہ باب ہے، جب بھارتی فوجوں کی جموں و کشمیر میں آمد نے کشمیری عوام کو ایک طویل جدوجہد اور آزمائش سے دوچار کیا، آج بھی کشمیری عوام اپنے بنیادی حقوق، آزادی اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، جبکہ ان کی بے مثال استقامت، لازوال قربانیاں اور جذبہ آزادی پوری پاکستانی قوم کے لیے حوصلے اور عزم کا پیغام ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا اور ان کی جائز امنگوں کو نظرانداز کرکے خطے میں پائیدار امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ سیکرٹری اوقاف پنجاب نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مؤثر نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور ان کی امنگوں کے مطابق حقِ خودارادیت دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر محض ایک علاقائی تنازع نہیں بلکہ کروڑوں انسانوں کے بنیادی حقوق، آزادی اور مستقبل کا مسئلہ ہے، جس کا منصفانہ حل جنوبی ایشیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف آپریشن ضربِ عضب سمیت مختلف کارروائیوں میں قومی سلامتی اور دفاعِ وطن کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا ہے۔
انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دے اور مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل تلاش کرے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، تاہم اپنی خودمختاری، سلامتی اور کشمیری عوام کے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے ہر آئینی، قانونی اور سفارتی راستہ اختیار کرے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کی جدوجہد آزادی ایک روز ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔
ریلی کے شرکاء نے کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی تسلط کے خاتمے اور ان کے بنیادی حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔دریں اثنا، یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے زیرِ اہتمام صوبے بھر کی مساجد میں خصوصی دعائیہ اجتماعات اور دیگر تقریبات کا انعقاد بھی کیا گیا، جہاں کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی، غیر متزلزل عزم اور عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
ان اجتماعات میں پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی و خوشحالی اور کشمیری عوام کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
ریلی میں ایڈیشنل سیکرٹری اوقاف نبیلہ جاوید، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور پنجاب حافظ انیس الرحمٰن، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن محمد شاکر سندھو، ڈائریکٹر پراجیکٹس رفیق نور وٹو، ڈائریکٹر اسٹیٹ محمد قیصر نعیم اعظم، ڈائریکٹر ایگریکلچر ڈاکٹر وقاص الدین خان، ڈپٹی ڈائریکٹرز عظیم حیات، ایاز حبیب، حافظ یوسف اور طاہر احمد، ایم ایس داتا دربار ہسپتال ڈاکٹر جاوید محمود اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز جہانگیر احمد، قاضی عبدالرزاق اور اسرار شاہ سمیت محکمہ اوقاف کے دیگر افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔










