چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کا  اجلاس ،بچوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ

2

لاہور 27 اکتوبر:( اے پی پی ) صوبائی وزیر اور چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ داخلہ پنجاب میں چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کا اجلاس منعقد ہوا جس میں بچوں کے تحفظ، فلاح و بہبود اور اس ضمن میں حکومت پنجاب کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

 سپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید، ایڈیشنل سیکرٹری ہوم عاصمہ اعجاز چیمہ، ڈی جی چائلڈ پروٹیکشن بیورو ندیم اختر اور چیف کوارڈینیشن آفیسر پنجاب سینٹر آف ایکسیلنس برائے انسدادِ انتہا پسندی غلام صغیر شاہد سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق بچوں کے تحفظ کیلئے مؤثر اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بچوں کی حفاظت حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ بچوں کیلئے نفسیاتی معاونت، قانونی مدد اور خاندانوں سے ملاپ کے عمل کو مزید تیز اور مربوط بنایا جائے۔ اجلاس میں چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے فیلڈ آپریشنز، ہیلپ لائن، شکایات کے ازالے اور کیس مینجمنٹ نظام کو مزید فعال بنانے کی ہدایت کی گئی۔ بچوں کے تحفظ سے متعلق قوانین پر مؤثر عملدرآمد، عوامی آگاہی مہم اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مشترکہ کارروائیوں کو وسعت دینے پر بھی زور دیا گیا۔

 خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ضلعی سطح پر نگرانی کا نظام مضبوط بنایا جائے، بیورو کے مراکز میں سہولیات بہتر کی جائیں اور عملے کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے۔ متعلقہ افسران کو آئندہ اقدامات کیلئے واضح اہداف مقرر کرنے، پیش رفت کی باقاعدگی سے رپورٹ پیش کرنے اور زیر التوا کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی بھی ہدایت کی گئی۔

 صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت پنجاب چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے بچوں کیلئے محفوظ، باوقار اور بہتر مستقبل کی خاطر عملی اقدامات جاری رکھنے کیلئے پُرعزم ہے۔