پشاور، 12 نومبر (اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کوہاٹ میں غیر قانونی کان کنی کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے شہداء کے جسدِ خاکی پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے ملاقات کر کے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں کی جرات، بہادری اور فرض شناسی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام امن و امان کے قیام اور قانون کی بالادستی کے لیے دی جانے والی اپنے بہادر شہداء کی قربانیوں کے مقروض ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور اس بزدلانہ حملے میں ملوث عناصر کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لا کر انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ شہداء کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔











