ملتان، 19 نومبر (اے پی پی ):کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب و ریجنل ہیڈ وفاقی محتسب ملتان ڈاکٹر محمد زاہد نے ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صدر چیمبر ڈاکٹر محمد شفیق خان پتافی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران کاروباری برادری کو درپیش مسائل اور مشکلات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر محمد زاہد نے مسائل توجہ سے سنے اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ وفاقی محتسب پاکستان نوید کامران بلوچ کی خصوصی کاوش اور ہدایات پر کاروباری برادری کی سہولت کے لیے ایک علیحدہ پورٹل متعارف کرانے پر کام جاری ہے، جو ان شاء اللہ جلد فعال کر دیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد کاروباری افراد کی شکایات کا فوری ازالہ، مسائل کا بروقت حل اور انہیں غیر ضروری پریشانیوں سے نجات دلانا ہے۔ وفاقی محتسب پاکستان نوید کامران بلوچ کاروباری طبقے کے مسائل کے حل کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں۔
ڈاکٹر محمد شفیق خان پتافی نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے وفاقی محتسب کے ادارے کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔











