سکھر:صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت ترقیاتی اسکیموں سے متعلق اہم اجلاس

70

سکھر،12 مارچ ( اے پی پی ): صوبائی وزیر اطلاعات، بلدیات، جنگلات اور مذہبی امور سید ناصر حسین شاہ نے ڈی سی آفس سکھر میں اعلیٰ افسران کے ساتھ اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ سکھر ضلع میں جاری ترقیاتی کام جلد مکمل کیے جائیں جہاں بھی اضافی فنڈز کی ضرورت ہے وہ سندھ حکومت فراہم کرے گی لیکن کام میں کوتاہی اور تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ دریائے سندھ پر نئے پل کی تعمیر کے لیے جلد ماہرین کی ٹیم سکھر پہنچے گی۔ ڈی سی آفس سکھر کے کانفرنس روم میں ہونے والے اجلاس میں کمشنر سکھر ڈویڑن شفیق احمد مہیسر ، ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور سمیت بلدیاتی اداروں ، پبلک ہیلتھ، میونسپل، بلڈنگ، ورکس اینڈ سروسز، جنگلات ، ایجوکیشن ورکس ، روینیو، ضلع کونسل سمیت دیگر محکموں ے اعلیٰ افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

 صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے ہدایت کی کہ سکھر ضلع میں جاری اسکیمیں جلد مکمل کی جائیں اضافی فنڈز کی دستیابی کے لیے تحریری طور پر لکھا جائے تاکہ جلد فنڈز جاری کرائے جاسکیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ رواں مالی سال کے دروان اسکیموں کے لیے مختص رقم خرچ ہونے چاہیں اس سلسلے میں کاتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ صوبائی وزیرسید ناصر حسین شاہ نے ڈی سی سکھر کو ہدایت دی کہ سیف سٹی اور سلاٹر ہاوس کے لیے نئی اسکیمیں تیار کی جائیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کمشنر سکھر ڈویڑن اور ڈی سی سکھر کو ہدایت کی کہ دریائے سندھ اور نہروں کے پشتوں پر آپریشن سے متاثر بے گھر ہونے والوں کی بحالی کے لیے مزید پلاٹ کی نشاندہی کی جائے ، سندھ حکومت بے گھر ہونے والوں کو چھت فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے کسی کو بھی اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا  صوبائی وزیر نے کہا کہ کیٹل کالونی روہڑی کے لیے زمین منظور کی گئی ہے جلد کام شروع ہوگا۔