ڈپٹی کمشنرعامر خٹک کی زیرصدارت لوک ورثہ میلے کے انتظامات کا جائزہ اجلاس

90

ملتان، 6مارچ(اے پی پی ):وزیراعلیٰ عثمان بزدار  نے  جنوبی پنجاب لوک ورثہ میلہ میں خصوصی دلچسپی لیتے  ہوئے  لوک ورثہ میلہ کو پورے جنوبی پنجاب کی عوام کے لئے پُرکشش بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہیں، ضلعی انتظامیہ اور  پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن میلے کو کامیاب بنانے کے لئے سرگرم عمل ہیں۔

ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی زیرصدارت لوک ورثہ میلے کے انتظامات کا جائزہ اجلاس ہوا،اجلاس میں ضلع کے تمام محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اے ڈی سیز قمرالزمان قیصرانی، ہدایت اللہ خان اور سی ٹی او ظفر بزدار بھی اجلاس    میں  موجود تھے۔

اجلاس کو  ریجنل ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن عمارہ منظور نے بریفنگ  دی، میلے  کے انتظامات کو مثالی بنانے  کیلئے   ڈپٹی کمشنر نے قلعہ کہنہ قاسم باغ پر کیمپ آفس قائم کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا لوک ورثہ میلے کو جنوبی پنجاب کا یادگار ایونٹ بنانے کے لئے تمام ادارے متحرک ہو جائیں اور حکومت پنجاب نے 14مارچ کو کلچر ڈے کے طور منانے کا اعلان کیا ہے،جنوبی پنجاب لوک ورثہ میلہ صوبہ بھر میں سب سے کامیاب میلہ ہو گا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر اولیاء کے باسی پورے جنوبی پنجاب کے عوام کو لوک ورثہ میلے میں خوش آمدید کہیں گے اور لوک ورثہ میلہ پورے جنوبی پنجاب کے کلچر کا عکاس ہو گا۔انہوں  نے کہا 14 اور 15مارچ کو قلعہ پر منعقد ہونیوالے لوک ورثہ میلہ میں انٹری فری ہو گی، قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم  کے تمام گیٹ پبلک کے لئے اوپن رکھے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کے لئے پینے کے صاف  پانی کا انتظام کیا جائے اور جشن بہاراں کے شیڈول کے مطابق  سپورٹس میچز بھی وقت پر کرائے جائیں گے۔

 اے ڈی سی جی قمرالزمان قیصرانی نے کہا جشن بہاراں اور جنوبی پنجاب لوک ورثہ میلہ کی تقریبات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور  فوک میوزک، تھیٹر پرفارمنس لوک ورثہ میلے کا اہم حصہ ہے،سپورٹس گالا کے میچز 11 مارچ سے شروع ہو جائیں گے۔ اے ڈی سی جی نے کہا کہ کھیلوں میں خواتین کے کرکٹ میچ  کے علاوہ بیڈمنٹن اور باسکٹ بال کے میچز شامل ہیں، لوک ورثہ میلہ کے اوقات سہہ پہر4 بجے سے رات11 بجے تک ہونگے ریجنل ڈائریکٹر عمارہ منظور نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ لوک ورثہ میلے کے لئے کلچرل پویلین تیار کئے جائیں گے،پورے جنوبی کے آرٹ اور تقافت کے رنگ ان پویلین میں نظر آئیں گے۔

عمارہ منظور نے کہا ملتان کا جھومر، پنجابی بھنگڑا اور چولستان کے علاقائی رقص کا مظاہرہ ہو گابلوچی اور پشتو کا روائتی ڈانس بھی میلے کا حصہ ہو گا،بچوں کو بھولے بسرے روائتی کھیلوں سے  بھی روشناس کرایا جائے گا اور پٹھو گرم،گلی ڈنڈا اور گھڑا گھڑ ونجی جیسے کھیل بھی پیش کئے جائیں گے جبکہ  میوزیکل آلات چلغوزہ،چنگ،بانسری طبلہ اور مرلی جیسے میوزیکل آلات پر سولو پرفارمنس کا مظاہرہ بھی ہو گا۔