یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں شعبہ عمرانیات کے زیر اہتمام متوازن غذا کی اہمیت پر سیمینار کا انعقاد

204

اوکاڑہ،18مارچ(اے پی پی): اوکاڑہ یونیورسٹی کے شعبہ عمرانیات اور سوشل سائنسز ریسرچ سنٹر کے اشتراک سے نوجوان نسل میں متوازن غذا اور صحت مند طرز زندگی کی اہمیت اجاگر کرنے کےلیے سیمینارمنعقد کیا گیا۔

سیمینار سے خطاب میں  وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے کہا کہ یونیورسٹیوں کا مقصد محض ڈگری دینا نہیں بلکہ نوجوانوں میں صحت مند طرز زندگی کا شعور بیدار کرنا بھی ان کی ذمہ داری ہے۔

 مقررین نے متوازن غذاکے مختلف پہلووں اور ذرائع پہ روشنی ڈالی اور طلباء کو اس بات کی ترغیب دی کہ وہ اپنی روز مرہ کے معمول میں جسمانی ورزش کو یقینی بنائیں۔

شعبہ عمرانیات کی سربراہ ڈاکٹر سمیرۃالحسن نے اس حوالے سے ایک تفصیلی لیکچر دیا جس میں انہوں نے صحت مند زندگی کےلیے موزوں اور نقصان دہ غذاوں کے بارے میں بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اچھی غذا صحت مند جسم کی ضامن ہے اور صحت مند جسم سے ہی تخلیقی ذہن پیدا ہوتا ہے۔

 ڈاکٹر سمیرا نے مزید بتایا کہ ہمارے نوجوانوں کی ایک بڑی تعدادمتوازن غذا، ورزش اورنارمل باڈی میس انڈیکس کو برقرار رکھنے کے تصور سے ناآشنا ہے۔ اس سے نا صرف انکی جسمانی نشوونما متاثر ہوتی ہے بلکہ ان کی تعلیمی اور پیشہ وارانہ زندگی میں بھی بے شمار مسائل جنم لیتے ہیں۔

سیمینار کے اختتامی نوٹ میں اوکاڑہ یونیورسٹی کے آفیسر تعلقات عامہ شرجیل احمد نے کہا کہ اس طرح کے سیشن وقتا فوقتا منعقد ہونے چائیں تاکہ طلباء کو اچھے طرز زندگی کے متعلق ضروری آگہی فراہم کی جاتی رہے۔