بہاولنگر؛ صوبائی وزیر شوکت علی لالیکا نے حکومت کی جانب سے ورلڈ بینک کے تعاون سے 3 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا

72

بہاولنگر،19جولائی(اے پی پی): صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر پنجاب میاں شوکت علی لالیکا نے بہاولنگر شہر کے لئے حکومت کی جانب سے ورلڈ بینک کے تعاون سے 3 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا، اس سلسلے میں خالد مقبول پارک میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں عوامی نمائندوں ،کونسلرز ، شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

 اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میاں شوکت علی لالیکا صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر پنجاب نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں جنوبی پنجاب میں ترقیاتی کام ہورہے ہیں، وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے شہر کے لیے 3 ارب کا پیکج دیا گیا ہے، بہاولنگر کے لیے یونیورسٹی منصوبہ کی منظوری ہوچکی ہے، اربوں روپے کی لاگت سے یونیورسٹی اور ماں بچہ ہسپتال منصوبے کو مکمل کیا جائے گا، شہر کے مین روڈز کو ون وے کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع کو موٹروے سے لنک کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے جس سے علاقہ کی پسماندگی دور ہوگی، موجودہ حکومت نے عوام سے سمہ سٹہ تا امروکا ریلوے ٹریک بحال کا وعدہ وفا کیا ہے، اس منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے، ضلع کے لیے تاریخی پیکج کا اعلان خود وزیر اعلی پنجاب بہاولنگر آکر کریں گے۔