خواتین کو معاشرے میں متحرک کردار ادا کرنے کا موقع دینے کے لئے صنفی امتیاز ختم کرنا ہو گا؛ ڈپٹی کمشنر ملتان علی شہزاد 

30

ملتان، 17جولائی(اے پی پی  ): ڈپٹی کمشنر  علی شہزاد  نے کہا ہے کہ خواتین کو معاشرے میں متحرک کردار ادا کرنے کا موقع دینے کے لئے صنفی امتیاز ختم کرنا ہو گا، مالی خود مختیاری خواتین کا حق ہے۔

ان خیالات کا  اظہار  ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے  مقامی ہوٹل میں ڈسٹرکٹ وومن پیس فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا ۔ڈپٹی کمشنر  علی شہزاد نے کہا کہ ملک کے ہر شعبے میں ترقی لانے کے لئے خواتین کا کردار ناگزیر ہے ، گلوبل ورلڈ میں امن کے قیام کے لئے خواتین اپنا بھر پور رول ادا کررہی ہیں ۔انہوں  نے کہا کہ  خواتین کو معاشرے میں اپنا کردار ادا کرنے کے کئے انقلابی تبدیلی کی بجائے مرحلہ وار تبدیلی لانا ہوگی۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مرحلہ وار تبدیلی کے اثرات انتہائی دیرپا ہوتے ہیں ، ملتان میں مختلف شعبہ ہائے زندگی میں خواتین بھرپور کردار ادا کررہی ہیں ،ڈسٹرکٹ وومن پیس فورم میں  ٹرانز جینڈر کو نمائندگی دینا بہت اچھا اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرانزجینڈر ہمارے معاشرے کا انتہائی نظر نداز اور راندہ درگاہ طبقہ ہے ، حکومت پنجاب نے پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا ٹرانزجینڈر سکول ملتان میں قائم کیا ہے۔