ملتان؛ ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے عید کے موقع پر مختلف ہسپتالوں اور سنٹرل جیل کا دورہ

11

ملتان، 21جولائی(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے عید کے موقع پر مختلف ہسپتالوں اور سنٹرل جیل کا دورہ کیا اور چلڈرن کمپلیکس  ہسپتال اور نشتر ہسپتال میں بچوں کے وارڈ بھی گئے اور کارڈیالوجی ہسپتال کا بھی دورہ بھی کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے مریضوں کی عیادت کی اور مٹھائی اور تحائف تقسیم کئے۔انہوں نے مریضوں اور لواحقین سے  گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے آپ کی عیادت کے لئے آیا ہوں۔

انہوں نے مریضوں سے علاج معالجہ کی سہولیات بارے بھی پوچھا اور مریضوں کے بارے میں ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جانیوالی سہولیات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

 ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے سنٹرل جیل کابھی دورہ کیا اور جیل کے  مختلف  بیرکس،جیل ہسپتال،کچن اور سکول  بھی گئے۔انہوں  نے قیدیوں کو ہسپتال میں دی جانیوالی سہولیات بارے دریافت کیا اور قیدیوں میں سلے سلائے سوٹ پر مشتمل گفٹ ہیمپرز  تقسیم کئے۔

 اے ڈی سی ریونیو محمد طیب خان ،جیل سپرنٹنڈنٹ نوید اشرف ، اے سی سٹی خواجہ عمیر محمود اور اے سی صدر عدنان بدر بھی انکے ہمراہ تھے۔