این ایچ اے نے سیلاب کی وجہ سے  بند دنین، گرم چشمہ اور دیگر وادیوں کی سڑکوں کو کھول دیا 

9

چترال، 28 جولائی (اے پی پی):این ایچ اے نے سیلاب کی وجہ سے  بند دنین، گرم چشمہ اور دیگر وادیوں کی سڑکوں کو کھول دیا ہے۔

حالیہ بارشوں اور پہاڑوں پر برفانی تودے پھٹنے سے جو تباہ کن سیلاب آیا تھا اس نے چترال کے مختلف وادیوں کی سڑکوں کو بند کیا تھا۔ ضلع اپر چترال میں بھی مختلف مقامات پر سیلاب آیا تھا۔ اسی طرح لوئیر چترال میں گرم چشمہ کی سڑک پر شوغور، بیلپھوک، شہزادہ رفیع کے گھر کے ساتھ کنیس گار، شالی گول، ائیر پورٹ روڈ، بلچ وغیرہ میں مین شاہراہ ہر قسم کے ٹریفک کیلئے بند تھی تاہم نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے دن رات مشنری لگا کر اس سڑک کو ہر قسم کے ٹریفک کیلئے کھول دیا ہے۔اسی طرح سیلاب کی وجہ سے زنانہ ڈگری کالج روڈ چترال کی طرف شاہ ڈوک میں سڑک بند تھی جسے کھول دیا گیاہے۔

پشاور چترال روڈ پر مختلف مقامات پر سیلاب کی وجہ سے مین شاہراہ بکر آباد اور چمرکن کے مقام پر دو جگہ سے بند تھی جسے ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔ ہمارے نمائندے سے باتیں کرتے ہوئے بشیر احمد ٹھیکدار نے بتایا کہ جب سیلاب کی وجہ سے یہ سڑکیں بند ہوئی تھی تو مجھے NHA حکام کی طرف سے ہدایت ملی کہ ان سڑکوں پر فوری کام شروع کیا جائے جنہیں دن رات محنت کرکے کھول دیا گیا ہے اور اب اس پر ٹریفک جاری ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پانی کی سطح بلند ہوچکی ہے اور گرمی کی وجہ سے گلیشئر پھٹ رہے ہیں جس کی وجہ سے سیلاب آتا ہے اور اس میں پتھر اور ملبہ  کے باعث  دریا کی سطح بلند  ہو جاتی ہے  جس سے پانی اوپر آکر آس پاس کی آبادی اور زیر کاشت زمین کو نقصان پہنچاتا ہے۔

سعید الرحمان نے بتایا کہ این ایچ اے والوں نے بہترین تارکولی سڑک بنا ئی تھی جو سیلاب کی وجہ سے بند ہو گئی تھی  تاہم اب وہ سڑک کھول دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ ڈوک میں یہاں میری بلاک فیکٹری تھی جسے سیلاب اور دریا کی کٹائی کی وجہ سے بہت زیادہ نقصان پہنچا اور میرا روزگار بند ہوا اسی طرح یہاں ایک فٹ بال گراؤنڈ بھی تھا جس کے اوپر اتنا ملبہ جمع ہوا کہ اب یہ اکسکیویٹر کے بغیر صاف بھی نہیں ہوتا۔ انہوں نے حکومتی اداروں سے مطالبہ کیا کہ ان کو کم از کم ایک بلڈوزر یا اکسیویٹر مشین فراہم کی جائے تاکہ وہ یہ ملبہ ہٹاکر اپنے بچوں کیلئے رزق حلال کما سکیں ۔

مقامی لوگوں نے بشیر احمد کے کام پر تسلی کا اظہار کیا کہ انہوں نے بڑی محنت سے یہ تمام راستے کھول دئیے اور عوام کیلئے سفری آسانی پیدا کردی۔