پاکستان میں لیبر اتاشی کی تعیناتی کے سعودی عرب کے فیصلے کو سراہتے ہیں؛ وفاقی وزیر ساجد حسین طوری  

8

اسلام آباد، 04 نومبر (اے پی پی ):وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری  نے کہا ہے کہ پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ اپنے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات پر ہمیشہ فخر رہا ہے، مجھے خوشی ہے کہ سعودی عرب نے پہلی بار پاکستان میں لیبر اتاشی کا تقرر کیا ہے، پاکستان میں لیبر اتاشی کی تعیناتی کے سعودی عرب کے فیصلے کو سراہتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں  نے  پاکستان میں سعودی عرب کے لیبر اتاشی ماجد بکر سے گفتگو میں کیا ، جنہوں نے   جمعہ کو یہاں   وفاقی وزیر  سے  ملاقات کی  ،ملاقات میں سعودی عرب میں ہنرمند پاکستانیوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پر تفصیلی بات چیت ہوئی اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور انکو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 سعودی لیبر اتاشی ماجد بکر  نے کہا کہ کفیل کی شرط ختم کرکے اب پاکستانی لیبر کمپنی سے معاہدہ کرکے سعودی عرب جائیں گے، نئی پالیسی کے تحت لیبر کمپنیاں بھی تبدیل کر سکیں گی۔انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت لیبر کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کر رہا ہے۔

وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا کہ سعودی عرب کی لیبر پالیسی میں انقلابی اصلاحات قابل تحسین ہیں، سعودی عرب پاکستانی ورکرز کا کوٹہ بڑھائے، ہم زیادہ سے زیادہ ہنر مند پاکستانیوں کو سعودی عرب بھیجنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں معمولی جرائم اور دستاویزات کی کمی کے باعث قید پاکستانیوں کو رہا کیا جائے۔

اجلاس میں سیکرٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ، منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ایمپلائمنٹ کارپوریشن، جوائنٹ سیکرٹری اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔