پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے سنجیدگی سے کام کرنے کی ضرورت ہے، ڈپٹی کمشنر سارہ جاوید

16

تھرپارکر،04 نومبر (اے پی پی ): قائمقام  ڈپٹی کمشنر میڈم سارہ جاوید نے کہا ہے کہ اگر ہم اپنے مستقبل کے معماروں کو مستقل معذوری سے بچانا چاہتے ہیں تو ہمیں پولیو مہم کو کامیاب بنانا ہو گا اور پولیو کے مرض کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکنا ہو گا اور اس کے لیے ہم سب کو سنجیدگی سے کام کرنا ہو گا۔ ان خیالات  کا اظہار انہوں نے دربار ہال مٹھی میں 21 سے 25 نومبر 2022 تک انسداد  پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے کمیونٹی  سطح پر لوگوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی ترغیب دی جائے جس کے لیے پولیو مہم سے قبل پولیو عملے کو اس بارے میں آگاہ کیا جائے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور ڈسٹرکٹ پولیو فوکل پرسن ڈاکٹر بھرت کمار نے بتایا کہ پولیو مہم میں ضلع تھرپارکر کے 7 تحصیل کی 44 یونین کونسلوں کے پیدائش سے 5 سال تک کے 3 لاکھ 5 ہزار 686 بچوں کو پولیو کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں 1153 ٹیمیں، 1021 موبائل ٹیمیں، 71 فکسڈ ٹیمیں، 64 ٹرانزٹ ٹیمیں، 75 یو سی ایم اوز، 220 ایریا انچارجز، 40 متعلقہ یونین کونسل سپروائزرز اور 1072 لیڈی ہیلتھ ورکرز گھر گھر جا کر پولیو کے قطرے  پیدائش سے 5 سال تک کے بچوں کو  پلائیں گی ۔ اس سلسلے میں محکمہ صحت تھرپارکر کی جانب سے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔  اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر تھرپارکر سنجے کمار، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر انیل کمار، اسٹنٹ  ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کیلاش، ڈسٹرکٹ پولیو کنٹرول روم کے انچارج ڈاکٹر راجہ شاد اور متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔